کاروار:9؍ جون (ایس اؤ نیوز) دستاویزات کے بغیر 2کروڑ روپئے لےجارہےنوجوان کو شرواڑ ریلوے اسٹیشن پر پولس نے بدھ کی رات گرفتار کرلیا ہے۔ نوجوان ٹکٹ کے بغیر سفرکررہا تھا پکڑے جانے پر پتہ چلا کہ وہ بغیر کسی دستاویز کے ایک بڑی رقم بھی سپلائی کررہا تھا۔
گرفتار شدہ ملزم کی شناخت راجستھان کے سونتریا چین سنگھ (22) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ سونتریا2کروڑروپئے لے کر ممبئی کے سی ایس ایم ٹی سے منگلورو جنکشن کے سفر پر تھا ۔ریلوے سفر کے دوران جب ٹی ٹی نے ملزم کا مشتبہ رویہ دیکھا تو اس کی تفتیش کے لئے آگے بڑھا اور بغیر ٹکٹ کے سفر کرنے کی بات سامنے آئی۔ اسی دوران ٹی ٹی نے ملزم سے اس کی بیگ کے متعلق پوچھ تاچھ کی تو بوکھلائے ملزم سے کوئی جواب نہیں بن پڑا۔اسی وقت ٹی ٹی نے ریلوے ٹکٹ جانچ عملہ، کونکن ریلوے چیف سکیورٹی انسپکٹر ایچ کے پرسنا کو مطلع کیا۔ سبھی جائےو قوع پر پہنچ کر بیگ کی تلاشی لی تو اس میں نوٹوں کے گٹھے ہونےکا پتہ چلا۔
پولس نے ملزم اور رقم کو اپنی تحویل میں لے کر پوچھ تاچھ کی اور ٹکٹ کے بغیر سفر کرنےپر 1060روپئے جرمانہ عائد کیا۔ اس کے بعد ملزم سے ضبط کردہ دو کروڑروپئے کاروار دیہی پولس تھانہ کو منتقل کیا۔ پولس نے جب نوٹوں کی گٹھیوں کو شمارکیاتو پتہ چلا کہ 2 کروڑروپئے ہیں۔
ریلوے سکیورٹی دستے کے انسپکٹر وپن سنگھ رانا نے بتایا کہ پوچھ تاچھ کے دوران ملزم سونتریا نے بتایا کہ وہ ممبئی کے بھرت بھائی عرف پنٹو کےلئے کام کرتاہے جس کے لئے اس کو ماہانہ 15ہزاروپئے ملتےہیں۔ وہ 2کروڑ روپئے منگلورو کے راجو نامی شخص کو سونپنے کےلئے سفر پر نکلا تھا۔ کاروار کے دیہی پولس تھانے میں کیس درج کرلینے کے بعد جانچ جاری ہے۔
